Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE

Pages

اہم خبریں

latest

کراچی میں کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق

   شہر قائد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں باپ اور بیٹی سیمت 6افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاری بہارکالونی ...

  


شہر قائد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں باپ اور بیٹی سیمت 6افراد جاں بحق ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاری بہارکالونی میں واقع فلیٹ میں کرنٹ لگنے سے باپ اوربیٹی جاں بحق ہو گئے جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں متوفیہ بچی کی شناخت 10سالہ حفیظہ اور35 سالہ رحمان ولد عثمان کے نام سے کی گئی۔


ایس ایچ اوچاکیواڑہ انسپکٹر ایوب سومرونے بتایا کہ واقع لیاری بہارکالونی الفلاح روڈ پر واقع رہائشی عمارت کی پانچویں منزل پرفلیٹ میں پیش آیا،متوفیہ حفیظہ الیکٹرک پلگ بجلی کے بورڈ میں لگا رہی تھی کہ اس دوران اسے کرنٹ لگ گیا ماں کے شورکرنے پرباپ نے بیٹی کو بچانے کی کوشش کی تو اس دوران  باپ کو بھی کرنٹ لگ گیا جس کے نتیجے میں باپ بیٹی دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کلاکوٹ تھانے کے علاقے لیاری ٹینری روڈ پر بجلی کے گھمبے سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا،ضابطے کی کارروائی کیلئے لاش سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی کی شناخت 60 سالہ سلامت ولد رکھا کے نام سےہوئی، متوفی سلاٹر ہاؤس بغدادی کا رہائشی تھا۔


ایس ایچ او کلاکوٹ عبدالغفار کورائی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا شخص سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے کنارے پر چل رہا تھا کہ اسی دوران بجلی کے گھمبے کوہاتھ لگایا توکرنٹ لگ گیا اوروہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس نےکارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔


سائٹ اے تھانے کے علاقے میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک محنت کش جاں بحق ہوگیا،  لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 25 سالہ وقارولد دیدارکے نام سے کی گئی۔ متوفی حبیب چورنگی کے قریب ڈائننگ کمپنی  میں ملازمت کرتا تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔


بلدیہ ٹاؤن لکی چڑھائی لونگ گوٹھ کے قریب بارش کے پانی کے جوہڑ میں نہاتے ہوئے ڈوب کرلڑکی جاں بحق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق متوفیہ بارش کے پانی میں  نہانے گئی تھی جہاں وہ نہاتے ہوئے ڈوب کرجاں بحق ہو گئی۔


ایس ایچ اوچوہدری شاہد کے مطابق ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفیہ کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔


سہراب گوٹھ  لیاری ندی میں ڈوب کر لا پتہ ہونے والے 21 سالہ نوجوان عامر کی لاش سہراب گوٹھ پل کے قریب ندی سے علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکال لی، پولیس نے نوجوان کی لاش ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان شفیق کالونی کا رہائشی تھا ،لاش متوفی کے گھر منتقل کردی گئی ہے ۔


گڈاپ سٹی سپرہائیوے پرواقع فارم ہاؤس میں دم گھٹنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق متوفی کی شناخت 16 سالہ علی بخش ولد محمد رمضان کے نام سے کی گئی، متوفی نوجوان شانتی نگر ڈالمیا کا رہائشی تھا،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔


ایس ایچ اوذوالفقارآرائیں کے مطابق نوجوان فارم ہاؤس کے کمرے میں سو رہا تھا اس دوران جنریٹر کا دھواں کمرے میں بھر جانے سے دم گھٹنے پر جاں بحق ہوگیا۔