اسلام آباد میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سرکاری ملازمین کو درپیش مسائ...
اسلام آباد میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کے حوالے سے 10 فروری 2026 کو احتجاج کی باضابطہ کال دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ملازمین کے جائز حقوق کے حصول کے لیے تمام یونینز اور ایسوسی ایشنز کے درمیان مکمل اتفاق و اتحاد ناگزیر ہے۔ اس موقع پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ تمام تنظیمیں باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک ہی پلیٹ فارم سے جدوجہد کریں گی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ جب تک سرکاری ملازمین کے معاشی و انتظامی مسائل حل نہیں کیے جاتے، جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ قائدین نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج آئینی حق ہے اور ملازمین اپنے حقوق کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کریں گے۔
اگیگا پاکستان کے رہنماؤں نے تمام ملازم تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ 10 فروری کے احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور شرکت کریں اور اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔
