یونین کونسل کا کلرک رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار ساہیوال: سید علی رضا ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کے ویژن “کرپشن سے پاک...
یونین کونسل کا کلرک رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار
ساہیوال: سید علی رضا
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کے ویژن “کرپشن سے پاک پنجاب” پر عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال ریجن بشارت نبی کی خصوصی ہدایت پر اینٹی کرپشن ساہیوال نے ایک کامیاب ریڈ کارروائی کرتے ہوئے یونین کونسل کے کلرک کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر ہیڈکوارٹر اینٹی کرپشن ساہیوال صہیب قیصر اور ان کی ٹیم نے مجسٹریٹ کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے محمود نامی سینئر کلرک، یونین کونسل مراد کے کاٹھیا، تحصیل چیچہ وطنی، ضلع ساہیوال کو 10 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا۔
ملزم نے مدعی ریاض سے اس کے والد کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے عوض 10 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طے شدہ رقم موقع پر برآمد کر لی۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ساہیوال میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل میں رشوت لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
