سپیشل پروٹیکشن یونٹ/پی ایچ پی ساہیوال ریجن نے منشیات اور شراب فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 11 ل...
سپیشل پروٹیکشن یونٹ/پی ایچ پی ساہیوال ریجن نے منشیات اور شراب فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 11 لیٹر دیسی شراب برآمد کر لی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس پی پی ایچ پی ساہیوال ریجن فخر افتخار راجہ کی ہدایات پر ڈی ایس پی پی ایچ پی ساہیوال اظہر عباس گل کی نگرانی میں انچارج پوسٹ چاندنی چوک سب انسپکٹر غلام مصطفیٰ اور ایڈمن آفیسر اے ایس آئی محمد زاہد نے دورانِ گشت مشتبہ شخص عبدالرزاق ولد منظور احمد سکنہ پاکپتن کو گرفتار کیا۔ تلاشی لینے پر ملزم کے قبضے سے 11 لیٹر دیسی شراب برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ ہڑپہ میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں شراب کی ترسیل اور فروخت کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات اور شراب فروشی جیسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی کیونکہ منشیات فروش اور ایسے جرائم میں ملوث افراد معاشرے کے لیے ناسور ہیں جو نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
