کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے زیرِ تعمیر اندرون جنرل بس اسٹینڈ ریلوے روڈ اور بیرون لاری اڈے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کا...
کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے زیرِ تعمیر اندرون جنرل بس اسٹینڈ ریلوے روڈ اور بیرون لاری اڈے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے انہیں منصوبے کے مختلف پہلوؤں اور پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اندرون جنرل بس اسٹینڈ میں بے ہنگم انداز میں کھڑی گاڑیوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ مالکان اور ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ گاڑیاں باقاعدہ ترتیب کے ساتھ کھڑی کی جائیں تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو گاڑیوں کی آمد و رفت میں وقت کی پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔
کمشنر ساہیوال نے لاری اڈے میں مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسافر خانہ، واش رومز اور داخلی و خارجی راستوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو آرام دہ اور محفوظ ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، اس لیے تمام بنیادی سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے بیرون لاری اڈے میں مستقبل میں متوقع الیکٹرک بس سروس کے پیش نظر دو جدید بس اسٹاپ شیلٹرز تعمیر کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے لاری اڈے میں مسافروں کے لیے ٹھنڈے پانی کے کولرز نصب کرنے، صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور واش رومز میں ایگزاسٹ فین لگانے کی بھی ہدایت کی۔
کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اندرون لاری اڈے میں موجود دکانداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور دکانوں اور مارکیٹوں کا کوڑا کرکٹ مقررہ کوڑا دان میں ڈالیں تاکہ صفائی کا نظام بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔
دورے کے دوران کمشنر ساہیوال نے ٹرانسپورٹ ڈرائیورز کے مسائل بھی سنے اور ان کے جلد حل کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران اور متعلقہ کنٹریکٹرز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور وقت کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں
